ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیورام ہیبار بن گئے ضلع شمالی کینرا کے نئے انچارج وزیر

شیورام ہیبار بن گئے ضلع شمالی کینرا کے نئے انچارج وزیر

Fri, 10 Apr 2020 21:13:33    S.O. News Service

بھٹکل 10/اپریل (ایس او نیوز) شیورام ہیبارجنہوں نے دَل بدلی کرتے ہوئے کانگریس اور جنتادل (ایس) کی مخلوط حکومت گرانے کے بعد بی جے پی میں شامل ہوکر ضمنی انتخاب جیت لیا تھااورایڈی یورپا کابینہ میں ان کو وزارتی قلمدان سونپا گیا تھا۔انہیں اب ضلع اُترکنڑا کا نگراں کار وزیر نامزد کیا گیا ہے۔

ریاست میں اس وقت کورونا وائرس کا قہر جاری ہے اور ضلعی سطح پر انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تال میل پیداکرنے اور بہتر طریقے پر وباء کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیراعلیٰ ایڈی یورپا نے کئی اضلاع میں نئے انچارج وزیروں کو نامزدکردیا ہے۔اسی کڑی کے طور پرشیورام ہیبار کوضلع شمالی کینرا کا انچارج وزیر بنادیا گیا ہے۔

اس سے قبل شمالی کینرا کے لئے ضلع انچارج وزیر کی ذمہ داری ششی کلاجولّے کے پاس تھی۔اور پچھلے کچھ دنوں سے ششی کلا جولّے اور شیورام ہیبار کے درمیان کشیدگی بھی نمایاں ہورہی تھی، کیونکہ چند دن قبل ششی کلا جولّے کورونا وائرس پر قابو پانے کی صورتحال کا جائز ہ لینے کے لئے کاروار پہنچی تھیں اور پولیس  اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی تھی، لیکن انہوں نے شیورام ہیبار کو نہ اس میں شامل کیاتھا اور نہ ہی ان سے کسی قسم کا رابطہ قائم کیا تھا۔

 ایک طرف ضلع شمالی کینرا کے عوام کوششی کلا جولّے سے شکایت تھی کہ وہ دوسرے ضلع سے تعلق رکھتی ہیں اور اپنے ضلع چھوڑ کر نہ باہر نکلتی ہیں اور نہ ہی انچارج وزیر ہونے کی حیثیت سے وہ ضلع شمالی کینرا کی کوئی خبر لیتی ہیں۔ دوسری طرف شیورام ہیبار نے بھی وزیر اعلیٰ پر مبینہ طور پر دباؤ بنایا تھا کہ انہیں ان کے اپنے ضلع شمالی کینرا کا ہی انچارج وزیر بنایاجائے۔ اب ردو بدل کے موقع پر وزیراعلیٰ نے اس مسئلے کو حل کردیاہے جس سے یہاں کے عوام اور شیورام ہیبار دونوں کو ہی راحت ملی ہے۔


Share: